یمن پر امریکی برطانوی حملوں سے کشیدگی میں اضافہ ہو گا، ایران

280

 تہران: ایران نے  یمن پر امریکا اور برطانیہ کے تازہ حملوں کو خطے میں “تناؤ اور بحران میں اضافہ قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ یمن پر حملوں سے امریکا اور برطانیہ خطے میں کشیدگی پیدا کرنا چاہتے ہیں،جس سے خطے میں جنگ اور عدم استحکام کا دائرہ وسیع ہوگا۔

ایرانی وزارت خارجہ نے  غزہ میں اسرائیل کی مہلک مہم کو فوری طور پرنہ روکنے کی ناکامی پر امریکا اور برطانیہ کی مذمت کی۔

خیال رہے کہ  گزشتہ روز  امریکی اور برطانوی افواج نے بحیرہ احمر کی جہاز رانی پر ایران کے حمایت یافتہ گروپ کے حملوں کی لہر کے جواب میں یمن میں حوثی باغیوں کے 18 ٹھکانوں پر تازہ حملے کیے تھے، جس میں متعدد افراد شہید ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7اکتوبر سے اسرائیلی جارحیت کے بعد سے علاقائی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جس میں لبنان، عراق، شام اور یمن میں ایران کے حمایت یافتہ گروپوں پر امریکا و برطانیہ آئے روز بمباری کررہاہے۔