پنجاب اسمبلی: ن لیگ کے ملک احمد خان اسپیکر، ظہیر اقبال ڈپٹی اسپیکرمنتخب

238

لاہور: پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے ملک احمد خان کو اسپیکر اور ملک ظہیر اقبال چنڑ کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کرلیا گیا۔

اسپیکر سبطین خان کی صدارت میں  صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں نئے اسپیکر کو منتخب کرنے کے لیے خفیہ رائے شماری ہوئی۔  اس موقع پر ایوان میں تمام 322 ارکان  نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔

بعد ازاں گنتی  کے مطابق ن لیگ کے ملک محمد احمد خان نے 224 ووٹ حاصل کیے اور کثرت  رائے سے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہو گئے۔ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے ملک احمد خان بھچر تھے، جنہوں نے 96 ووٹ حاصل کیے۔2 ووٹ مسترد ہوئے۔

بعد ازاں ملک محمد احمد خان نے 224 ووٹ حاصل کرنے کے بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

دریں اثنا ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے مسلم لیگ ن کے ملک ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض کے درمیان ہوا، جس کی خفیہ رائے شماری کے بعد ووٹوں کی گنتی  کی گئی، جس میں ڈپٹی اسپیکر کے لیے323 اراکین نے خفیہ رائے شماری میں حصہ لیا جب کہ اس دوران کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا۔

رائے شماری کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی میں مسلم لیگ ن کے ملک ظہیر اقبال چنڑ  220 ووٹ لے کر واضح اکثریت سے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر بن گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ملک ظہیر اقبال چنڑ 103 ووٹ لے سکے۔

بعد ازاں سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب پیر 26 فروری کو ہو گا، جس کے لیے کاغذات نامزدگی اتوار کی شام 5 بجے تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

قبل ازیں اجلاس شروع ہوا تو فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے۔