کراچی: ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کراچی میں مشترکہ احتجاج کیا گیا، جس کے بعد رہنماؤں نے منگل کے روز یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔
کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی۹ مظاہرین سے جماعت اسلامی، جی ڈی اے، جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ دھاندلی زدہ انتخابی نتائج کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہیں اور اس عمل کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سندھ بھر میں منگل کے روز یوم سیاہ منایا جائے گا۔
احتجاجی مظاہروں میں جماعت اسلامی، پی ٹی آئی اور جی ڈی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین نے سندھ اسمبلی کے باہر مظاہرہ کرنے والی جی ڈی اے کی خواتین کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی، جمعیت علمائے اسلام کی ریلی پر فائرنگ اور شیلنگ کی مذمت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مینڈیٹ پر قبضہ کرکے سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا اس میں سارے قبضہ مینڈیٹ والے لوگ ہیں۔ انتخابات میں دھاندلی کرانے والے ہوش کے ناخن لیں۔ جو جیتا ہوا ہے اسے جیتنے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو پورے پاکستان میں اچھے ووٹ ملے ہیں، جماعت اسلامی کو اچھے ووٹ ملے ہیں۔یہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی والے کہاں سے آگئے ۔ ان کو مسلط کرنے والوں سے پوچھتا ہوں کہ انہیں مسلط کرکے کیا کرنا چاہتے ہو ؟ پھر شہر کو برباد کرنا چاہتے ہو؟۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ آج سندھ اسمبلی کے اجلاس میں میں پی ٹی آئی،جی ڈی اے اور جماعت اسلامی کے اراکین نے حلف نہیں لیا۔ جعلی لوگ سندھ اسمبلی میں بٹھائے گئے ہیں۔ عوام کی اسمبلی کراچی پریس کلب کے باہر موجود ہے۔ رات ہی سے اسمبلی جانے والے راستوں پر کنٹینر کھڑے کردیے گئے ہیں۔ ہمارے ٹیکسوں کے پیسوں سے الیکشن کے نام پر فراڈ کیا جاتا ہے ، مافیاز کرپشن کرتی ہیں اور لوٹ مار کرتی ہیں۔ اپنے ٹیکسوں کو جعلی حکومتوں سے چھڑوانے کے لیے پرامن احتجاج اور مزاحمت جاری رکھیں گے۔
جی ڈی اے رہنما صفدر عباسی نے کہا کہ شارع فیصل پر جو کچھ ہو رہا ہے، میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔ ہم پر امن لوگ ہیں ہمیں پر امن رہنے دیا جائے۔ مظاہرین سے خطاب میں پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ اس وقت پورے شہر میں ناکا بندی ہے، انہیں کس بات کا خوف ہے۔ ہم یہاں سب اس لیے اکٹھے ہوئے ہیں کہ کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جن پر لاٹھی چارج کیا گیا، جنہیں گرفتار کیا گیا وہ سندھ کی بیٹیاں ہیں، ہم ان کی لاج کا بدلہ لیں گے۔ جی ڈی اے رہنما سید زین شاہ نے کہا کہ نگراں صوبائی حکومت نے پیپلز پارٹی کی سہولت کاری کی۔ ہم مذمت کرتے ہیں۔ بعد ازاں مظاہرے کے اختتام پر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کراچی پریس کلب کے بورڈ روم میں مشاورتی اجلاس کیا اور اجلاس کے بعد صفدر عباسی نے منگل کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا۔