جماعت اسلامی سویلین بالادستی کے قیام کیلیے جدوجہد جاری رکھے گی، سراج الحق

637
truggle against tyranny

اسلام آباد:امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سویلین بالادستی کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، جہاں جہاں ہمارے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، مینڈیٹ واپس لیں گے، اپنے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے  کہا کہ عوام کے مینڈیٹ کو بلڈوز کرنے کے بعد اقتدار کی بندر بانٹ جاری ہے، دہائیوں سے ملک پر مسلط کرپشن زدہ دو خاندانوں کو دوبارہ مسلط کرنے کی کوشش ہورہی ہے، پوری قوم نے الیکشن نتائج مسترد کردیے، اعلی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، الیکشن کمشنر شفاف الیکشن کروانے اور غیر جانبداری سے متعلق حلف کی پاسداری میں ناکام ہوگئے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  ان کے ہوتے ہوئے آزادانہ تحقیقات ممکن نہیں، عہدے سے علیحدہ ہوں، مجوزہ عدالتی کمیشن میں الیکشن میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہو۔ جماعت اسلامی کا ہمیشہ سے موقف رہا کہ عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن سیاست سے غیرجانبدار ہو جائیں، افسوس کہ عوام کی نظر میں ادارے غیرجانبدار نہیں رہے۔

انہوں نے کہاکہ   بیوروکریسی جو غریب عوام کے ٹیکسز سے تنخواہ لیتی ہے اور عوام کی خادم ہے بھی حلف کی پاسداری میں ناکام رہی۔ الیکشن سے قبل مطالبہ کیا تھا کہ آر اوز عدلیہ سے لیے جائیں، عمل درآمد نہیں ہوا۔

امیر جماعت نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری ہوا ہے، فارم 45 کی بنیاد پر نتائج چیلنج کیے ہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام حلقوں کے نتائج فارم 45 کی بنیاد پر جاری کیے جائیں۔ الیکشن کے روز انٹرنیٹ، موبائل سروس بند کرکے ایک قسم کی ایمرجنسی نافذ کی گئی۔