اسلام آباد: حکومت سازی کے حوالے سے کامیاب مذاکرات کے بعد مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے حکومت بنانے کے لیے صدر اور وزیر اعظم کا اعلان کردیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کی مشاورت کے بعد مسلم لیگ ن کے ساتھ ایک طویل گفتگو ہوئی، جس کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ آصف زرداری صدر ہونگے اور وزیر اعظم شہباز شریف کو بنایا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نمبرز پورے ہوگئے ہیں، آصف زرداری صدر ہونگے اور میں وزیر اعظم منتخب ہونگا۔
شہباز شریف نے کہاکہ اگر تحریک انصاف کے آزاد امیدوار حکومت بناتے تو زیادہ اچھا ہوتا، ہمارے نمبرز پورے ہوگئے ہیں، جس کے بعد ہم نے متفقہ طور پر صدر اور وزیر اعظم کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت سازی کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے والی گفتگو میں طے ہوا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی، بلوچستان اور گورنر سندھ ن لیگ کا ہوگا جبکہ سینیٹ چیئرمین پیپلز پارٹی کا ہوگا۔