عازمین حج کیلئے پاسپورٹ کا اجرا 3 دن میں شروع ہوجائے گا

262

  اسلام آباد: ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ تمام رکاوٹیں دور ہونے کے بعد 3 دن میں پاسپورٹ کا اجرا شروع ہو جائے گا۔

ترجمان کے مطابق 28 ہزار سرکاری عازمین حج کو پاسپورٹ کی فراہمی شروع کر دی جائے گی، بائیو میٹرک کراکے پاسپورٹ بینکوں میں جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 فروری  ہے۔

ترجمان کے مطابق پاسپورٹ کا اجرا نہ ہونے کے سبب حاجی شدید پریشانی کا شکار تھے، سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے محکمہ پاسپورٹ کے حکام سے رابطہ کیا اور صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا۔ متعلقہ حکام نے پاسپورٹ کے ہنگامی اجرا کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق محکمہ پاسپورٹ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ تین روز تک ارجنٹ پاسپورٹ بنا کر دیں گے، عازمین حج کو ان کی رہائش گاہوں پر پاسپورٹ فراہم کیے جائیں گے۔