لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہےکہ سلیکٹڈ، امپورٹڈ سے ڈیفیکٹڈ وزیراعظم کی تشکیل کا سفر جاری ہے، عوام انہیں بخوبی جانتے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ 2024ء کے انتخابات میں جیتنے والے ہارنے والوں سے زیادہ پریشان ہیں، 8 فروری کی رات پولنگ اسٹیشنوں پر نہیں قوم کے مستقبل پر ڈاکا ڈالا گیا، قوم ایسے عناصر کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کی “عبرت ناک جیت “ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، سلیکٹڈ، امپورٹڈ سے ڈیفیکٹڈ وزیراعظم کی تشکیل کا سفر جاری ہے، عوام انہیں بخوبی جانتے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ جہاں عوام کے ووٹ کی قدر نہ ہو وہ ملک دنیا میں تماشا بن جاتا ہے ، 2024ء کے انتخابات میں جیتنے والے ہارنے والوں سے زیادہ پریشان ہیں انہیں حکومت سازی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ چوری کرکے نوجوانوں کو مزید مایوس کیا گیا، ہم 65 فیصد آبادی کو ناامیدی کے اندھیروں سے نکالیں گے، ملک میں سویلین بالادستی قائم کرنا ہو گی عوام کے فیصلوں کا احترام کیا جائے۔