کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ انتخابات کے جعلی نتائج کو کالعدم قراردے کر سوموٹو ایکشن لیں اور فارم 45کے مطابق نتائج جار ی کیے جائیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ہم جعلی مینڈیٹ کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے،عدالتی کمیٹی قائم کر کے کراچی کے ایک ایک پولنگ بوتھ کا فارنزک آڈٹ کیا جائے اور جو لوگ بھی اس کے ذمہ دار ہیں انہیں فکس کیا جائے،اگر صرف فارم 45کو بنیاد بناکر جعلی فارم 47کا موازنہ کیا جائے تو پوری قوم کے سامنے انتخابات کی حقیقت کھل جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے تحت 24فروری ہفتہ کے دن نمائش تا ایم اے جناح روڈ ”جعلی نتائج نامنظور“ریلی نکالی جائے گی، ایم کیوا یم کراچی اور سندھ کے عوام کی جانب سے ریجیکٹڈ پارٹی ہے جن لوگوں نے انہیں کراچی کے عوام پر مسلط کیاہے ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہم انٹرمیڈیٹ کے گیارہویں جماعت کے نتائج پر بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ اوراس میں تمام نشاندہیوں کو صحیح سمجھتے ہیں،اس میں جن لوگوں کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے اس میں سے صرف ایک کو معطل کیا گیا۔
انہوں مزید کہا کہ نتائج سے واضح طور پر پتا چل گیا کہ سارا معاملہ بورڈ انتظامیہ کی ناہلی کا ہے تو پھر گریس مارکس دینے کے بجائے انٹر میڈیٹ کے نتائج کو منسوخ کرکے بارہویں جماعت کے نتیجہ پر پرکھا جائے تاکہ انٹر میڈیٹ کے طلبہ و طالبات ایم ڈی کیٹ اور انجینئرنگ میں داخلہ کے اہل ہوسکیں۔