ڈیلفا کیٹل شو 22 تا 25 فروری کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگا

2545

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) ڈیلفا کیٹل شو سیشن 3 ،22 فروری بروز جمعرات تا 25 فروری 2024 بروز اتوار صبح 11 تا رات 11 بجے تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا،کیٹل شومسلسل4 روز تک جاری رہے گا۔

کیٹل شو پاکستان کے ڈیری، لائیو اسٹاک، ایگری کلچر اور فشریز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کی افادیت کو اجاگر کرنے کے لیے ہونے والا ایک ریگولر ایونٹ ہے۔

ڈیلفا کیٹل شو سیشن 3، نمائش کا انعقاد بدر ایکسپو سلوشنز اور ڈیری ایگری کلچر لائیو اسٹاک فارمرز ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے کیا جارہا ہے جس میں سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ کا تعاون بھی حاصل ہے۔

کیٹل شو کی اہم سرگرمیوں میں اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی نمائش، انٹرنیشنل بریڈ ڈسپلے اور کیم اینڈ ہارس شو کے ساتھ کاروباری ملاقاتوں کا اہتمام شامل ہے جبکہ عام شرکاءکو بھی بھی مویشی خریدنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

اس چار روزہ شو کے دوران ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے والے پرگرام، پھولوں کی نمائش، پالتو جانوروں اور پرندوں کی نمائش کے علاوہ مویشیوں کی پریڈ اور فوڈ فیسٹیول شامل ہیں۔

ڈیلفا کیٹل شو کے منتظمین نے کہاکہ یہ کیٹل شو ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے ڈیری اینڈ لائیو اسٹاک ایگری کلچر اور فشریز سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے جس سے ملک کی معاشی نمو کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

منتظمین نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلفا کے انعقاد کا مقصد ان شعبوں کے فارمرز کی جدید ٹیکنالوجی اور فارمنگ کے جدید طریقوں کے بارے میں آگہی کو فروغ دینا ہے جس سے ویلیو ایڈیشن بڑھے گی اور ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔

کیٹل شو کے انعقاد سے متعلقہ شعبوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی اورساتھ ہی کارپوریٹ سیکٹر سے روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔ اس سے قبل ڈیلفا کیٹل شو کے دوسرے ایڈیشن میں 260سے زاید کمپنیوں نے شرکت کی تھی۔

22 فروری سے کراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہونے والی چار روزہ نمائش ڈیلفا کیٹل شو میں مقامی فارمرز کو جدید طریقوں اور ویلیو ایڈیشن کے بارے میں تربیت فراہم کرے گی تاکہ ڈیری اور کیٹل سیکٹر کے جی ڈی پی میں کردار کو فروغ دیا جاسکے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پراجیکٹ ڈائریکٹراور دیگر ماہرین پر مشتمل ٹیم ایونٹ کے دوران مختلف تربیتی سیشنز میں فارمرز کو آگہی اور تربیت فراہم کریگی۔

تربیتی سیشنز ڈیلفا کیٹل شو کے ساتھ ہونے والے ملک ویلیو ایڈیشن کے موضوع پر ہونے والے سیمینار کا حصہ ہے جس کا مقصد ڈیری فارمنگ، ملک پراسیسنگ اور پیکجنگ، فارم مینجمنٹ اور جانوروں کی صحت اور خوراک کی نگہداشت کے بارے میں آگہی اور حکومتی پالیسیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔

اس سال ہونے والے تیسرے ایڈیشن میں بھی ملکی و غیرملکی کمپنیوں سرکاری اور نجی اداروں کی بڑی تعداد حصہ لے رہی ہیں۔