جو بھی حکومت بنی چل نہیں سکے گی،  سراج الحق

457
looking towards

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ 2024کا الیکشن2018 کا فیزٹو تھا، جو حکومت بنی چل نہیں سکے گی، سیاست پر مفاد پرستوں اور وڈیروں کا قبضہ ہے، سیاست ٹھیک نہ ہوئی تو ریاست بھی ٹھیک نہیں ہوسکتی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ   انتخابات میں قومی خزانے کا 50ارب ضائع کیا گیا، نتائج میں تبدیلی اور دھاندلی سے مزید انتشار پھیلے گا، قوم کے آئندہ پانچ سال بھی ضائع کردیے گئے، معاشی اور سیاسی استحکام کی امیدیں بکھر گئیں، جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری ہوا، دھاندلی پر خاموش نہیں رہیں گے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان  کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی 23فروری کو پشاور سے دھاندلی کے خلاف باقاعدہ احتجاجی مہم کا آغاز کرے گی، 25فروری کو اسلام آباد میں کانفرنس ہوگی، الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں ، الیکشن پراسس کا مکمل آڈٹ اور تحقیقات کے لیے اعلیٰ عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے، عوام کے حقوق کی جدوجہد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی و معاشی استحکام کے درمیان عوام پر مسلسل مہنگائی کے کوڑے برسائے جارہے ہیں، گزشتہ 6 ماہ کے دوران گیس کی قیمتوں میں دو دفعہ اضافہ ہوا، بجلی اور پٹرول کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھائی جارہی ہیں، قومی خزانہ خالی ہے اور آئی ایم ایف کی عوام دشمن پالیسیوں پر آنکھیں بند کرکے عملدرآمد ہورہا ہے، نگران حکومت اپنے مینڈیٹ سے ہٹ کر فیصلے کررہی ہے۔