اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے الزامات پر ازخود نوٹس نہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کے بعد اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔ چیف جسٹس کے چیمبر میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحیٰی آفریدی شریک ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ نے بھی مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔ مشاورتی اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کے الزامات کا جائزہ لیا گیا اور کمشنر کے الزامات پر ازخود نوٹس نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق انتخابات سے متعلق مقدمہ پر سماعت 19 فروری کو پہلے ہی مقرر ہے اور پہلے سے مقرر کردہ مقدمہ میں ہی کمشنر راولپنڈی کے الزامات کا جائزہ لیا جائے گا۔