اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ الیکشن دھاندلی معاملے میں الزامات عائد کرنے والے ثبوت بھی پیش کریں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کمشنر راولپنڈی کی جانب سے انتخابی نتائج میں دھاندلی کے حوالے سے الزامات کے دوران چیف جسٹس سپریم کورٹ کے ملوث ہونے کے الزام پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں از خودنوٹس لینے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اس حوالے سے کہا کہ الزامات عائد کرنے والے ثبوت بھی پیش کریں۔
مشاورتی اجلاس چیف جسٹس کے چیمبر میں ہوا، جس میں جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ شریک ہوئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کے عائد کردہ الزامات کا جائزہ لیے جانے کے بعد از خود نوٹس لینے یا نہ لینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں اجلاس سے پہلے میڈیا کے نمائندوں سے مختصر گفتگو میں چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ مجھ پر الیکشن میں دھاندلی کے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں جن میں نہ صداقت ہے نہ سچائی۔الزامات کوئی بھی لگاسکتا ہے۔ الزامات لگانا ان کا حق ہے مگر اس کے ساتھ ثبوت بھی ہونے چاہییں اور الزام لگانے والے کمشنر پنڈی نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ اسی طرح مجھ پرکل چوری اور قتل کا الزام لگادیں کوئی ثبوت بھی تو ہو۔