اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کے تشدد یا تحریک پر اکسانے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
ملک کی موجودہ صورت حال پر دیے گئے اپنے ایک بیان میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ تشدد کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ قانون بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنا راستہ اختیار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں حال ہی میں ہونے والے عام انتخابات جمہوریت کے فروغ کی طرف ایک قدم ہیں۔ معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے نمایاں ٹرن آوٴٹ کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات کے بعد یہ ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو یہ احساس ہو کہ جیت اور ہار جمہوری عمل ہے وہ جماعتیں اور افراد جو انتخابی بے ضابطگیوں کے حوالے سے کسی قسم کے خدشات کا اظہار کرتے ہیں وہ دستیاب چینلز کے ذریعے قانونی چارہ جوئی کریں۔
انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ پرامن احتجاج اور اجتماع بنیادی حقوق ہیں، لیکن کسی بھی قسم کی تحریک یا تشدد کے لیے اکسانے کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ اس نازک وقت میں انتشار برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ صرف دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرتا ہے، یہ ملکی اور غیر ملکی،استحصال کرنے اور امن و امان کے سنگین چیلنجز پیدا کرنے کے لیے ہے۔