اسلام آباد: ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کے لیے تیار ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، اس کے لیے ہم تیار ہیں۔ سیاسی جماعتوں سے ہونے والے حالیہ روابط کا مطلب انتخابی اتحاد نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس حوالے سے ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے کہا تھا کہ تمام پارٹیوں سے رابطے کرنے ہیں۔ سیاست مثبت طرح سے کی جائے تو ان ملاقاتوں میں کوئی مضائقہ نہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے وہی سب باتیں کی ہیں جو ہم نے کیں۔ ان کا نشانہ ہم نہیں، مگر پتا نہیں کہ ہم مولانا کے ساتھ چل سکتے ہیں یا نہیں۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ہم اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے پر تیار ہیں، اس میں بھی کوئی مضائقہ نہیں لیکن ہم اپنے احتجاج کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ فیصلہ کیا ہے کہ ہم پارلیمنٹ میں بیٹھیں۔