عمران خان کو یہودی ایجنٹ منوانے والا شخص  مولانافضل الرحمن تھے،  رانا ثنا

338
results are very sad

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کا ملبہ جنرل باجوہ اور جنرل فیض پر ڈال کر اپنے ساتھ زیادتی کی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہاکہ  مولانا  نے جو باتیں کی وہ حقائق کے برعکس ہیں اور ان کے منصب کو زیب نہیں دیتیں، شہباز شریف کے گھر ہونے والی میٹنگ میں مولانا فضل الرحمان نے دلائل دیے کہ عمران خان یہودیوں کا ایجنٹ ہے۔

انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن نے 13 جماعتوں کے قائدین کے سامنے آکر بتایا کہ آرمی چیف کا پیغام ہے آپ عدم اعتماد کی تحریک واپس لیں عمران خان الیکشن کا اعلان کرے گا، پھر انہوں نے دلائل دیے کہ ہم ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟ اگر ایسا ہوا تو یہ ملک تباہ ہوجائے گا۔

رہنما ن لیگ نے مزید کہاکہ جہاں جہاں سے تحریک انصاف جیتی وہاں الیکشن ٹھیک ہوا اور جہاں سے ان کو شکست ہوئی وہاں دھاندلی ہوئی، یہ کیا بات ہوئی؟ اگر الیکشن ٹھیک نہیں ہوا تو پھر استعفے دے کر نئے الیکشن کا مطالبہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد جنرل باجوہ اور جنرل فیض کے کہنے پر لائی گئی تھی، تاہم بعد میں انہوں نے کہاکہ جنرل فیض کا نام غلطی سے ان کی زبان پر آ گیا، صرف جنرل باجوہ اس میں شامل تھے۔