عمران خان کا ’’ایبسلوٹلی ناٹ اور ہم کوئی غلام ہیں‘‘ کا نعرہ کہاں گیا؟ مریم اورنگزیب

212
accountability will start

لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا ’’ایبسلوٹلی ناٹ اور ہم کوئی غلام ہیں‘‘ کا نعرہ کہاں گیا؟۔

صوبائی دارالحکومت میں پارٹی رہنما عطا تارڑ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملکی انتخابات میں امریکا کو مداخلت کی دعوت دینا پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہے۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ امریکا آکر ہماری مدد کرے، اس سے ان کا ایبسلوٹلی ناٹ اور ہم کوئی غلام ہیں کا نعرہ کدھر گیا؟

یہ بات مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ اور مریم اورنگزیب نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج پر اعتراض کرنے یا الزامات لگانے والوں کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنا چاہیے۔ صرف ذرائع ابلاغ پر آنے والے غیر حتمی نتائج کو بنیاد بنا کر پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بلاجواز انتشار اور انارکی پھیلائی جا رہی ہے۔ یہ لوگ تب بھی انتشار ہی پھیلا رہے تھے جب چینی صدر پاکستان کے دورے پر آرہے تھے، بجلی کے منصوبے بن رہے تھے تب بھی انتشار پھیلایا جا رہا تھا۔ آر ٹی ایس 2018ء میں بیٹھا تھا اور دھاندلی کی بات آج کی جا رہی ہے؟

سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ان کی جماعت کے اندر فارن فنڈنگ کے ذریعے فارن ایجنٹ موجود ہیں اور ان کا سربراہ عمران خان ہے جو ملکی انتخابات میں مداخلت کے لیے امریکا کو دعوت دے رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان کو مزید انتشار کا شکار کرنا ہے۔

جے یو آئی سربراہ کے بیان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں مولانا فضل الرحمٰن سے واقف ہوں، وہ ہمارے لیے قابل احترام ہیں، ان کا تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔ انہیں کچھ اعتراضات ہیں اور اس کے لیے انہوں نے متعلقہ پلیٹ فارم سے رجوع بھی کر رکھا ہے۔