پی پی قیادت گزشتہ رات کو عمران خان سے جیل میں ملاقات کیلئے منتیں کرتی رہی، حافظ حمد اللہ

416
Without us, governments can be formed

اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی مولانا فضل الرحمان  سے ملاقات پر مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی کو تکلیف کیوں ہے؟ پیپلزپارٹی قیادت رات کوبانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات کیلئے منتیں کرتی رہی ہے۔

 حافظ حمد اللہ کا کہنا تھاکہ کچھ لوگوں نے مولانا فضل الرحمن پر تنقید سے دن کا آغاز کیا، اتنی جلدی کیا تھی کچھ صبرسے کام لیتے، ابھی تو کھیل شروع ہی نہیں ہوا، دونوں پارٹیوں نے کھیل شروع ہونے سے پہلے بولنگ شروع کردی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اپنے موقف پرقائم ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ سیاست میں مداخلت نہ کرے، مولانا فضل الرحمان نے بڑی پارٹیوں کی توہین نہیں کی ہے، دونوں پارٹیوں نے جنرل(ر) قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دے کر آئین اور پارلیمنٹ کی توہین کی، کیا دونوں جماعتوں نے قمر جاوید باجوہ کو 3 سال کی توسیع نہیں دی؟ کیوں دی؟ اگر ایکسٹینشن دی تو انہی کے کہنے پرتحریک عدم اعتماد بھی لاسکتی ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ پیپلزپارٹی یہ بتائے کہ پی ڈی ایم سے کس کے کہنے پر نکل گئی تھی؟ جے یو آئی نے ایکسٹینشین کی برملا ببانگ دہل مخالفت کی تھی۔