راولپنڈی: بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی خاطر درگزر کرنا پڑے گا، ہم کسی سے سیاسی انتقام نہیں لیں گے۔
اڈیالہ جیل میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ملک کے لیے ہمیں معافی کی طرف جانا پڑے گا۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے ارکان اسمبلی علی محمد خان، عامر ڈوگر اور لطیف کھوسہ نے عمران خان سے جیل میں ملاقات کی اور میڈیا سے بات کیے بغیر واپس روانہ ہو گئے۔
بعد ازاں علی محمد خان نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ملاقات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ہم کسی سے کوئی سیاسی انتقام نہیں لیں گے بلکہ ملک کی خاطر آگے بڑھیں گے۔عمران خان نے نیلسن منڈیلا کے ٹرتھ اینڈ ری کنسلیشن کمیشن کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ملک کو آگے لے جانے کیلیے ہمیں سچ، معافی اور درگزر کی طرف جانا ہوگا۔
ابھی اڈیالہ @ImranKhanPTI صاحب سے ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں سردار لطیف کھوسہ صاحب اور محمد عامر ڈوگر صاحب بھی موجود تھے۔ ماشاءاللٰہ صحت اچھی تھی اور ہشاش بشاش لگ رہے تھے۔ تقریبًا آدھا گھنٹہ ملاقات رہی۔ اپنے لیڈر سے اتنے عرصہ بعد ملا بہت اچھا لگا۔ مردان کی تاریخی جیت کا سن کر…
— Ali Muhammad Khan (@Ali_MuhammadPTI) February 16, 2024
انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کی صحت اچھی تھی اور ہشاش بشاش لگ رہے تھے۔ تقریبًا آدھا گھنٹہ ملاقات رہی۔ اپنے لیڈر سے اتنے عرصہ بعد ملا بہت اچھا لگا۔ مردان کی تاریخی جیت کا سن کر بانی چیئرمین بہت خوش ہوئے۔
علی محمد خان نے لکھا کہ اڈیالہ میں میرے جیل کے دنوں کا احوال کا بھی عمران خان کو پتا تھا اور وہ خوش تھے کہ آپ نے جواں مردی سے جیل کاٹی۔ انہوں نے پوچھا کہ قید کے دن کتنے تھے تو انہیں بتایا کہ 78 دن تھے۔ڈوگر صاحب سے بھی ان کے جیل کے دنوں کا پوچھا۔ ان کی ملتان کی جیت پر بھی عمران خان بہت خوش تھے۔
سردار لطیف کھوسہ نے خان صاحب کو بتایا کہ ان کی لاہور کی جیتی ہوئی سیٹ خان صاحب کی امانت ہے جس پر خان صاحب نے کہا کہ نہیں وہ میانوالی والی سیٹ پہ آئیں گے ان شا اللہ۔
انہوں نے مزید لکھا کہ عمران خان نے بہت سی ضروری ہدایات بھی دیں، جن سے متعلق بعد میں آپ کو آگاہ کریں گے۔ سب سے بڑی بات جو خان صاحب نے کی ہے وہ یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آکر فتح مکہ ماڈل پر جائے گی۔ ہم کوئی سیاسی انتقام نہیں لیں گے بلکہ ملک و قوم کی ترقی کی خاطر ملک و قوم کو آگے لے کر جائیں گے۔