انتخابی دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی کا یوم سیاہ، کراچی میں 100 سے زائد مظاہرے

213

کراچی : جماعت اسلامی نے ملک بھر میں الیکشن میں دھاندلی کے خلاف مظاہرے کیے، جس میں دھاندلی کے نتائج کو کالعدم قراردینے کا مطالبہ کیا گیا۔

جماعت اسلامی نے جعلی نتائج و مینڈیٹ پر قبضے کے خلاف جماعت اسلامی کا یوم سیاہ، 100سے زائد مظاہرے کیے، جس میں شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جس پر الیکشن کمیشنر سے مستعفی ہونے اور جعلی انتخابی نتائج کالعدم قرار دیئے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

مظاہرین نے جو بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا ئے ہوئے تھے ان پر”انتخابی دہشت گردی نا منظور، جعلی نتائج قبول نہیں، مینڈیٹ پر قبضہ نامنظو ر، دہشت گردوں بھتہ خوروں کو مسلط کرنے کی کوشش نا منظور، نامنظور، فراڈ الیکشن نا منظور، کراچی کے نتائج منسوخ کرو، فارم 45کے مطابق درست نتائج جاری کرو جیسے نعرے درج تھے۔

مظاہرین کے شرکا نے الیکشن کمیشن کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ  نگراں وزیراعظم دھاندلی کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں عدالتی کمیشن کی تشکیل کے لیے ریفرنس دائر کریں، کراچی اور کے پی میں ہمارے امیدواران کو دھاندلی سے ہرایا گیا،سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق 22فروری تک فارم 45کے مطابق نتائج جاری کیے جائیں۔

دریں اثناکراچی میں مختلف مساجد کے باہر الیکشن میں دھاندلی کے خلاف مظاہرے ہوئے،نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے بلال مسجد ابو الحسن اصفہانی روڈ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن نہیں سلیکشن ہوا ہے، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکاڈالا گیا ہے، جماعت اسلامی اپنے عوامی مینڈیٹ سے کسی صورت دستبردار نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ کراچی میں ووٹ صرف جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کو ملا لیکن ان سے ان کا مینڈیٹ اور سیٹیں چھین لی گئیں اور عوام پر بڑا ظلم کیا گیا،چوروں اور ڈاکوؤں نے پردے میں بیٹھ کر عوام کی رائے پر قبضہ کر لیا،جن لوگوں کو جعلی طریقے سے ایم پی اے ایم این اے بنایا گیا وہ اپنے گھروں میں بھی منہ نہیں دیکھا سکتے،کراچی میں ایک ایسی پارٹی جس کا ٹریک ریکارڈ دہشت گردی، بھتہ خوری اور نفرت و تقسیم کی سیاست ہے اسے دوبارہ مسلط کرنا نہ صرف کراچی، بلکہ صوبے اور پورے ملک کے ساتھ دشمنی ہے۔

کراچی میں ہونے والے مظاہرے  بنارس، میٹروویل،گلشن غازی، اتحاد ٹاؤن، مشرف کالونی، اسلامیہ کالونی،فرنٹیئر موڑ، باوانی چالی،ماڈل کالونی، جناح اسکوائر، کوثر ٹاؤن،چمن کالونی، شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال،گرین ٹاؤن، رفاع عام،لیاری، کلفٹن، دہلی کالونی، پنجاب کالونی،صدر،محمود آباد،اختر کالونی،کالاپل، کینٹ، فاطمہ جناح کالونی، سبزی منڈی، مارٹن کوارٹر جہانگیر روڈ،پی آئی بی کالونی،لائنز ایریا،ناظم آباد، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، نیو کراچی، سرجانی ٹاؤن، ملیر، سعود آباد، لانڈھی، کورنگی، کیماڑی، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن ودیگر مقاما ت پر کیے گئے۔