این اے 15 مانسہرہ میں شکست کے خلاف نواز شریف کی درخواست مسترد

186

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان مسلم لیگ ن کے نواز شریف کی این اے 15 مانسہرہ میں شکست کے خلاف درخواست کو کالعدم قرار دے دیا۔

حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر مصدقہ نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزادہ گستاخ خان 105,249 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ نواز شریف 80,382 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقے میں شکست کے بعد نواز شریف نے این اے 15 سے شہزادہ گستاخ کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا۔

نوازشریف نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ حلقہ این اے 15 مانسہرہ کے 125 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 جاری نہیں کیے گئے۔

نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ حلقہ کا کالا ڈھکا علاقہ بہت پسماندہ ہے اور علاقے میں برف باری کی وجہ سے مواصلاتی ذرائع متاثر ہوئے ہیں۔

وکیل نے الزام لگایا کہ پریزائیڈنگ افسران نے پولنگ ایجنٹس کو باہر دھکیل دیا تھا، “شفاف انتخابات کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔ نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ این اے 15 میں الیکشن شفاف نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ فارم 45 کے بغیر فارم 47 جاری نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے استدعا کی کہ این اے 15 کے نتائج کا حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکا جائے۔

الیکشن کمیشن پاکستان  نے معاملہ سننے کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز کے سربراہ نواز شریف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حلقے کے ریٹرننگ افسر کو فارم 49 جاری کرنے کا حکم دیا۔