اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی ) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ ہم کسی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کررہے ہیں، نواز شریف کو دعوت دیتے ہیں کہ اپوزیشن میں ہمارے ساتھ بیٹھیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جو پارٹی سمجھتی ہے کہ دھاندلی نہیں ہوئی ہے ، وہ حکومت میں بیٹھ کر عیاشی کرے، اسمبلیوں میں تحفظات کے ساتھ شریک ہونگے، ہم مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے تابعدار نہیں ہیں، انتخابات کے نتائج تسلیم نہیں کرتے۔
انہوں نے کہاکہ واضح طور پر کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں اپنی پارلیمانی حیثیت کے ساتھ جائیں گے، تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ساتھ ہمارا جھگڑا جسمانی نہیں ، دماغ کا ہے، وہ بھی جلد ٹھیک ہوجائے گا، پی ٹی آئی سے اخلافات رہے ہیں، ایوان سب کا ہوتا ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ سمجھتی ہے کہ الیکشن ٹھیک ہوئےہیں تو 9 مئی کا بیانیہ دفن ہوگیا ہے، جماعت کے وسیع مشاورت کے بعد تحریک کا شیڈول دیں گے،عوام میں جانے کے طریقہ پر بات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کا وہ امید وار جو محمو خان اچکزئی کے حق میں دستبردار ہوا ہے، اسے جتوادیا گیا،میں نے بیان دیا وہ مرکزی مجلس عاملہ کی مشاورت سے دیا ہے، نظر ثانی کی کوئی گنجائش ہم نے نہیں رکھی ہے، پارٹیوں کے حوالے سے میں ماضی میں نہیں جانا چاہتا یہ ایک طویل بحث ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھ کہ ہم پر جوگزری سب کو معلوم ہے، ہم انتخابی مہم کے دوران علاقوں میں نہیں جاسکتے تھے، ہماری کسی نے کوئی بات نہیں سنی ہم بھی کسی کی بھی کوئی بات نہیں سنیں گے۔