اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ کرکے حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کے لیے حمایت کرنے پر شریک چیئرمین پیپلز پارٹی اور سابق صدر آصف زرداری ، چیئرمین پی پی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ان کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حمایت کے اعلان پر قائد میاں نواز شریف اور اپنی طرف سے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کیا، امید کرتے ہیں کہ ہم مل کر پاکستان کو تمام سیاسی اور معاشی بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں پی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملکی سیاسی صورت حال کے پیش نظر ان کی جماعت وزارت عظمیٰ اور دیگر اہم معاملات پر مسلم لیگ (ن) کے ساتھ تعاون کرے گی لیکن وزارتیں نہیں لے گی۔