اسلام آباد:پی ٹی آئی نے وفاق اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم اور خیبر پختونخوا میں جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات اور چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی وفاق اور پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم اور پختونخوا میں جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت بنائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین کی جانب سے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں کی ذمے داری دی گئی ہے۔بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ ملک پر منی لانڈرنگ کے مجرم کو مسلط کیا جا رہا ہے، ہمارے پاس وقت کم ہے، جوعام انتخابات میں کامیاب ہوا ہے،حکومت انہیں بنانے دی جائے۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں علی امین گنڈا پور حکومت بنائیں گے۔ اس کے علاوہ ہم انٹرا پارٹی انتخابات بھی جلد ہی منعقد کروائیں گے۔ ہم خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کی طرف جا رہے ہیں، وہاں جماعت اسلای کے ساتھ مل کرحکومت بنائیں گے۔
دوسری جانب نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے پی ٹی آئی کی جانب سے کے پی کے میں حکومت سازی سے متعلق بات کا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں اتحاد کا پیغام موصول ہوا ہے، جس پر ہم نے پارٹی میں مشاورت کرنے کے بعد جواب دینے کی ہامی بھری ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ہم غیر مشروط اتحاد کے لیے بھی راضی تھے۔ ہمارا خیال ہے کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو اگر مجموعی طور پر کسی پلیٹ فارم کی ضرورت ہے تو ہم فراہم کریں گے، تاہم اب جو بات کی گئی ہے یہ نئی ہے۔ اس پر مشاورت کرنے کے بعد جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ ہمارے سیاسی تعلقات اچھے ہیں، ان کے ساتھ بیٹھنے کو بھی تیار ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے بھی آج ہی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہم چھوٹی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے۔ 99 فی صد امیدوار ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمارے لوگوں کو کروڑوں روپے کی پیش کش کی جاتی رہی مگر پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں کی خرید و فروخت آئین کے خلاف ہے۔