بلوچ طلبہ بازیابی کیس: نگراں وزیراعظم اسلام آباد ہائیکورٹ طلب

247

اسلام آباد: بلوچ طلبہ بازیابی کیس میں عدالت نے نگراں وزیراعظم کو طلب کرلیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق بلوچ طلبہ کی عدم بازیابی کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو پیر 19 فروری کو طلب کرلیا۔

عدالت میں سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان گھمن پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 12 میں سے ایک اور طالب علم بازیاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ اٹارنی جنرل کی عدم دستیابی کے باعث آج کی سماعت ملتوی کردی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ جبری گمشدگیوں کے معاملے پر موت کی سزا ہونی چاہیے اور ملوث افراد کو 2، 4 سزائے موت ملنی چاہییں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ پیر کے روز 10 بجے خود عدالت میں پیش ہوں اور بتائیں کہ کیوں نہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم کو طلب کرنے کے احکامات جاری کردیے۔