ملتان: پی ایس ایل کے نویں سیزن میں ملتان سلطانز کو ایونٹ سے پہلے ہی بڑا جھٹکا لگ گیا، جس میں اس کے 2 اہم بالرز ساتھ چھوڑ گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابز ملتان سلطانز اپنے 2 فاسٹ بالرز احسان اللہ اور ریس ٹوپلے سے محروم ہو گئے، جس کی وجہ بتائی گئی ہے کہ دونوں کھلاڑی انجری کی وجہ سے ایونٹ میں شامل نہیں ہو سکیں گے۔ فرنچائز انتظامیہ کی جانب سے دونوں فاسٹ بالرز عدم دستیابی کی تصدیق کردی گئی ہے۔
فرنچائز کے مالک علی ترین نے احسان اللہ اور ریس ٹوپلے کے ٹیم سے باہر ہونے کو ملتان سلطانز کے لیے دھچکا قرار دیا ہے۔ علاوہ ازیں میڈیا ذرائع کے مطابق فرنچائز کی جانب سے اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ پی سی بی نے احسان اللہ کے بارے میں رپورٹ دی ہے کہ وہ انجری سے 100فیصد فٹ نہیں ہو سکے، اس لیے انہیں مزید آرام کی ضرورت ہے، لہذا زیادہ بہتر ہوگا کہ ان کھلاڑیوں کو پی ایس ایل 9 میں کھلانے کا رسک نہ لیا جائے۔
دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے بھی ریس ٹوپلے کے انجری سے مکمل نجات نہ پانے کے بارے میں اطلاع دی ہے۔ اس حوالے سے ای سی بی کا کہنا ہےکہ ٹوپلے کو آرام کا موقع دیا جائے۔