لاہور ہائیکورٹ نے 18 حلقوں کے انتخابی نتائج کیخلاف درخواستیں مسترد کردیں

301

لاہور:ہائی کورٹ نے 18 حلقوں کے انتخابی نتائج کے خلاف درخواستیں مسترد کردیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق مریم نواز، خواجہ آصف ، عون چودھری، عطا تارڑ، علیم خان سمیت 18 حلقوں میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کے خلاف دائر درخواستوں کو مسترد کردیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے محفوظ کیے گئے فیصلے جاری کردیے،  جس میں سلمان اکرم راجا کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 کے حوالے سے انتخابی نتائج کے خلاف درخواست خارج کردی۔

عدالت عالیہ نے اپنے محفوظ فیصلے میں کہا کہ درخواستیں قابل سماعت نہیں ہیں، درخواست گزار الیکشن کمیشن سے رجوع کریں۔

عدالت نے عون چودھری کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 سے کامیابی کے خلاف دائر درخواست کا 11 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ جسے جسٹس علی باقر نجفی نے تحریر کیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست ناقابل سماعت ہونےکی وجہ سے خارج کی جاتی ہے، درخواست گزار الیکشن ایکٹ کے مطابق الیکشن کمیشن سے درخواست کر سکتا ہے، درخواست گزار کی موجودگی یا عدم موجودگی میں نتائج کے مرتب ہونے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ الیکشن ایکٹ کے مطابق ہونا چاہیے۔

لاہور سے حلقہ این اے 117 سے علیم خان، این اے 119 سے مریم نواز ،این اے 126 سے ملک سیف الملوک کھوکھر، این اے 127 سے عطا تارڑ، این اے 128 عون چودھری، این اے 117 سے خواجہ آصف ،این اے 80 سے شاہد عثمان، این اے 87 ملک شاکر بشیر اعوان، پی پی167 سے عرفان شفیع کھوکھر کے انتخابی نتائج چیلنج کیے گئے تھے۔

اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی169 سے ملک خالد کھوکھر، ، پی پی 46 فیصل اکرام، پی پی 47 سے چوہدری محمد منشا، پی پی 53 سے رانا عبد الستار، اور پی پی 170 انتخابی نتائج چیلنج کیے گئے تھے۔