اسلام آباد: فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کے دوران ریٹرننگ افسران نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔
فافن کی جانب سے جاری کی گئی الیکشن 2024ء کے سلسلے میں جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کا تقاضا ہے کہ آر او فارم 47 انتخابی امیدواروں، ان کے ایجنٹوں ، مجاز مبصرین کی موجودگی میں بناتا ہے۔ مشاہدے میں شامل 260 انتخابی حلقوں میں سے 135 کے آر اوز نے تمام قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔
جائزہ رپورٹ کے مطابق آر اوز کے اس عمل سے انتخابی شفافیت کے لیے الیکشن کمیشن کی کاوشیں متاثر ہوئی ہیں۔ آر اوز نے 135 قومی اسمبلی کے حلقوں میں فافن مبصرین کو نتائج کی تیاری کا مشاہدہ نہیں کرنے دیا۔ مبصرین کو مشاہدے سے روکے گئے انتخابی حلقوں میں سے 46 میں پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار، 43 میں ن لیگ اور 28 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
فافن نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسرز نے 65 حلقوں کے نتائج تیاری میں انتخابی امیدواروں، ان کے ایجنٹس کو جائزہ سے روکا، ایسے حلقوں میں سے مسلم لیگ ن کے 25، پی ٹی آئی حمایت یافتہ 24، پیپلز پارٹی کے 5 امیدوار جیتے۔
رپورٹ کے مطابق رات 2 بجے تک نتائج تیاری کی قانونی مہلت پر صرف 4 انتخابی حلقوں میں عمل ہوا۔ زیر مشاہدہ 80 حلقوں میں سے 42 میں تھیلے انتخابی امیدوار یا ایجنٹوں کے بغیر کھولے گئے۔ آر اوز نے 53 قومی حلقوں میں فارم 45 کی گنتی غلطیوں کی قانونی نشاندہی کرکے پریزائڈنگ آفیسرز سے درستگی کرائی۔