آزاد امیدواروں کو پارٹی نہیں کہا جاسکتا،عظمیٰ بخاری

347
The defeat

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آزاد امیدواروں کو پارٹی نہیں کہا جاسکتا، بڑی تعداد میں آزاد امیدوار مسلم لیگ (ن )میں شامل ہورہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سو فیصد رزلٹ آئے تو انہوں نے دھاندلی کا شور مچا دیا، جہاں جہاں یہ ہارے وہاں نیا طریقہ کار شروع کیا گیا، اس کی ابتدا سلمان اکرم راجہ نے کی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ الیکشن ٹریبونلز کے اندرہرامیدوار کو ثبوت دینے ہوتے ہیں، جسے اعتراض ہے الیکشن ٹریبونل جا کر بات کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ذمہ ار پارٹی ہے، ہم جھوٹ اور فساد پر یقین نہیں رکھتے، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) واحد اکثریتی پارٹی ہے، مسلم لیگ ن بغیر سپورٹ تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں بھی مسلم لیگ ن اکثریتی پارٹی ہے، نواز شریف نے شہباز شریف کے ذمہ لگایا ہے وہ جماعتوں سے بات کر رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ ایک شخص اور ایک فتنے کے لئے پاکستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، قانون ہاتھ میں لینا اور دوبارہ سے فتنہ فساد کی کوشش قبول نہیں کی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کو مستحکم کرنے اور آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا، شہباز شریف کی سربراہی میں ن لیگ کی کمیٹی کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس وقت بیٹھی ہیں اور بات کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  انتخابات میں عوام نے (ن)لیگ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا،، پاکستان کے عوام نے ترقی کے ایجنڈے کو ووٹ دیا۔