کراچی: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل )کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹر زکے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ 2 سال میں عامر نے جہاں بھی کرکٹ کھیلی وہ ٹیم ٹاپ کر رہی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عامر اور سہیل خان نئے اور پرانے گیند سے بولنگ کرنے کے ماہر ہیں، امید ہے محمد عامر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے سود مند ثابت ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کیلئے اوورسیز پلیئرز میچز شروع ہونے سے قبل آجائیں تو اچھا ہے تاکہ ٹیم کامبینیشن بنانے میں آسانی رہے، یقینا پی ایس ایل کی مینجمنٹ پلیئرز کی جلد دستیابی کی کوشش کر رہی ہوگی۔
سرفراز احمد نے محسن نقوی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے گزشتہ ایک ڈیڑھ سال میں کیئر ٹیکر پنجاب کی حیثیت سے بہترین کام سرانجام دیے ہیں، امید ہے کہ وہ کرکٹ میں بھی بہتری لیکر آئیں گے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے انڈر 19 ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے ورلڈ کپ میں تھرو آٹ زبردست پرفارمنس دکھائی، سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف آخری لمحات میں ان سائیڈ ایج سے چوکا ہونا کھیل کا حصہ ہے، وہاں حریف کھلاڑی بولڈ بھی ہو سکتا تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ انڈر 19 لیول پر سیریز کم ہوتی ہیں، ان کے میچز زیادہ ہوں تو کھلاڑی مزید نکھر کر سامنے آسکیں گے، ٹیسٹ کرکٹ کا کوئی نعم البدل نہیں، کرکٹ کا کوئی بھی فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ سے اچھا نہیں ہے۔