فیس بک، انسٹا گرام، تھریڈز پر اے آئی تصاویر پر لیبلز لگانے کا فیصلہ

577

سان فرانسسکو:میٹا نے فیس بک، انسٹا گرام اور تھریڈز پر اے آئی سے بنی تصاویر پر لیبلز لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق تینوں پلیٹ فارمز پر مصنوعی ذہانت کو استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی تصاویر پر لیبل لگانے کا مقصد یہ ہے کہ صارفین کو ان کی حقیقت کا علم ہونا چاہیے کہ یہ حقیقی نہیں بلکہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے تیار کی گئی تصاویر ہیں۔

کمپنی پہلے ہی سے اس کے امیجن اے آئی انجن سے بنائے گئے مواد پر لیبلز اور واٹر مارک لگاتی ہے، تاہم آئندہ سے تھرڈ پارٹی پلیٹ فارمز مثلاً اوپن اے آئی، گوگل اور دیگر ذرائع سے بنائی گئی تصاویر پر بھی لیبل لگایا جائے گا۔

فی الحال یہ بات واضح نہیں ہے کہ یہ لیبلز تصویر پر کس طرح نظر آئیں گے یا اسے لگانے کی حکمت عملی کیا ہوگی، تاہم میٹا کی بلاگ پوسٹ میں اس حوالے سے ایک تصویر پوسٹ کی گئی ہے، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اے آئی سے بنی تصاویر پر اے آئی انفو لکھا ہوا ہو سکتا ہے، تاہم یہ ڈیزائن حتمی نہیں اور جب تک اسے باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا تو اس میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔

بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ لیبلز کے ساتھ ساتھ ایسے ٹولز پر بھی کام کیا جا رہا ہے جو تھرڈ پارٹی امیج جنریٹرز کی تصاویر پر موجود نادیدہ واٹر مارک کو شناخت کر سکیں گے۔ فی الحال صرف اے آئی تصاویر کے لیے اس پالیسی کا اطلاق ہو رہا ہے اور میٹا نے اعتراف کیا ہے کہ ابھی ایسی ٹیکنالوجی نہیں جس سے اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ آڈیو اور ویڈیو کی شناخت کی جا سکے۔