پاکستان کی خاطر تمام سیاسی قوتیں ایک ہو جائیں، شہباز شریف

278

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی خاطر تمام سیاسی قوتوں کو ایک ہو جانا چاہیے۔

پارٹی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور لیگی رہنما شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن عام انتخابات کے نتائج کے مطابق ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ اجلاس میں حکومت سازی کے حوالے سے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، ملک محمد احمد خان، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطا اللہ تارڑ اور خواجہ عمران نذیر بھی شریک تھے۔شہباز شریف نے نواز شریف کی ہدایت پر مختلف جماعتوں سے ہونے والے رابطوں کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم اور عوام کی حمایت سے مسلم لیگ (ن)  عام انتخابات میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ حکومت کا ہدف عوام کو مہنگائی اور مسائل سے نجات دلانا ہوگا، لیگی رہنما نے مزید کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو پاکستان کے لیے ایک ہونا ہوگا۔