الیکشن کمیشن کو سلمان اکرام راجہ کی درخواست پر لاہورہائیکورٹ کا فیصلہ موصول

404

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی)کو پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار سلمان اکرام راجہ کی درخواست پر لاہورہائیکورٹ کا فیصلہ موصول ہوگیا۔ 

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کو سلمان اکرام راجہ کی درخواست پر لاہورہائیکورٹ کا فیصلہ موصول ہوگیا، الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ 

الیکشن کمیشن نے لاہورہائیکورٹ کے حکم پر متعلقہ حلقے کا نوٹیفکیشن روکنے کی ہدایت کردی، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ جب تک عدالت کا حتمی فیصلہ نہ آجائے،نوٹی فکیشن جاری نہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سلمان اکرم راجہ نے لاہور کے حلقے این اے 128 کے نتائج کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، جس پر سماعت کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کو این اے 128 کا نتیجہ جاری کرنے سے روک دیا تھا۔

دوسری جانب جسٹس علی باقر نجفی نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے فریقین کو 12 فروری کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا تھا۔