9 مئی واقعات: بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی 12مقدمات میں ضمانت منظور

318

راولپنڈی : انسداددہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی واقعات میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی 12 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی۔

بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج ملک اعجاز آصف نے کی۔پی ٹی آئی وکیل شیراز احمد رانجھا عدالت میں پیش ہوئے اور 12 مقدمات میں ضمانت کی درخواست کی جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے مہلت کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ بانی پی ٹی آئی کی جی ایچ کیو اور آرمی میوزیم حملہ سمیت 12 مقدمات میں ضمانت منظور ہوگئی۔

عدالت نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے مقدمات کے تمام ملزمان ضمانتوں پر ہیں اس لیے بانی پی ٹی آئی کو گرفتار رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔

رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی بھی 13  مقدمات میں ضمانت منظور کرلی گئی۔ ضمانت منظور ہونے کے باوجود بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی رہائی کا امکان نہیں کیونکہ دونوں رہنما سائفر کیس میں سزا یافتہ ہیں۔عدالت نے سانحہ 9 مئی مقدمات میں ایک ایک لاکھ روپے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔