نواز، زرداری ملاقات بے نتیجہ ختم، حکومت سازی پر فیصلہ نہ ہو سکا

280

لاہور:مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے مابین ملاقات بے نتیجہ ختم ہو گئی اور حکومت سازی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔

میڈیاذرائع کے مطابق ترجمان ن لیگ اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے  دونوں رہنماؤں کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد آصف زرداری نے اپنی جماعت سے مشاورت  کے لیے وقت مانگا ہے۔ آزاد امیدوار حکومت سازی کے لیے اہم کردار ہوتے ہیں جب کہ پنجاب میں ن لیگ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کی، ہم سب کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل ایک اہم ملاقات ہے جس میں قیادت حتمی فیصلہ کرے گی۔

دوسری جانب پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے چند رہنماؤں نے کہا ہے کہ تمام آپشن کھلے ہیں مسلم لیگ ن کے ساتھ جانے سے پیپلز پارٹی کو نقصان ہوگا۔ آزاد گروپ ہمارے لیے بہتر ہیں۔ ہمارے لیے بہتر ہوگا کہ ہم تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کے ساتھ ملیں، جونہی نتائج مکمل ہوئے، پیپلز پارٹی انتخابی عمل پر اپنا موقف دے گی۔ ہم مسلم لیگ ن سمیت تمام آزاد ارکان سے رابطے میں ہیں۔