لاہور:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بغیر وفاق، بلوچستان اورپنجاب میں حکومت نہیں بن سکتی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی میں نہیں لے کر جانا چاہیے، حکومت سازی کیلئے ہماری ترجیح پاکستان کے عوام ہیں، ہم ایسی مخلوط حکومت بنائیں جس سے ملکی صورتحال مستحکم ہو۔یہ بات انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہی۔
ان کا کہنا تھاکہ ابھی الیکشن رزلٹ مکمل ہونے کے انتظار میں ہیں، پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں سے رابطہ نہیں ہوا، کم تیاری کے ساتھ پنجاب میں الیکشن مہم چلائی، لاہور میں رات تک ہم بڑے مارجن سے جیت رہے تھے،صبح اٹھا تو دیکھا کہ ہم ہار چکے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آزاد امیدوار کیا فیصلے کرتے ہیں اس پر بھی عوام کی نظر ہے، میں رزلٹ پر مایوس بالکل نہیں ہوں، اس الیکشن سے نظر آیا ہے کہ پیپلز پارٹی کا پوٹینشل کیا ہے، پیپلز پارٹی کی پنجاب کی سیاست بہت روشن ہے، پنجاب کا وزیراعلیٰ پیپلز پارٹی کے ووٹ کے بغیر خود کو منتخب نہیں کرواسکے گا۔
ان کامزید کہناتھا کہ بلوچستان میں بھی ہم سب کو حکومت بنانے کیلئے کوشش کرنی پڑے گی، اگر ہماری حکومت بنی تو جو منصوبے سندھ میں دیئے وہی بلوچستان میں دینے کی کوشش کریں گے، چاہوں گا بلوچستان میں چھ ماہ میں این آئی سی وی ڈی جیسا منصوبہ بنادوں، بلوچستان میں امن پر زور دیں گے۔