اسلام آباد: نگراں وزیر اطلاعات اور وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ آزاد امیدواروں کی انتخابات میں کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ الیکشن شفاف ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نتائج تبدیل نہیں کیے جا رہے۔جو قوم کی مرضی ہے وہ ہوگا، جسے قوم نے ووٹ دیا ہے وہی سامنے آئے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمے داری جانوں کی حفاظت کرنا ہے۔ دہشت گردی کے واقعات میں الیکشن سے قبل 28 افراد جاں بحق ہوئے، حملوں میں ٹائم ڈیوائسز کا استعمال کیا گیا، دونوں حملے خودکش نہیں تھے دونوں حملے ڈیٹونیٹر سے کیے گئے، جنہوں نے شہادتیں پیش کیں انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ اسی طرح الیکشن والے بھی شہادتیں ہوئی۔عام انتخابات کا انعقاد بڑا امتحان تھا، کئی جگہ دستی بموں سے عوام پر حملے ہوئے جس کا افواج پاکستان نے سامنا کیا۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ ہم سنتے تھے کے پی کے میں کسی ایک مخصوص جماعت کو عوام ووٹ دینا چاہتی ہے تو ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسی جماعت کے آزاد امیدواروں کو ووٹ ملا یہ شفافیت ہے، ہمارا کام تھا سیکورٹی، افواج کا کام تھا عوام کو ایک محفوظ الیکشن منعقد کروا کر دینا، کامیاب الیکشن کے انعقاد پر قوم کو مبارک باد ہے کیوں کہ اتنے چیلنجز کے باوجود بہترین اور پرامن الیکشن ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل 28 جانیں گئی، کئی پولنگ اسٹیشنز پر حملے ہوئے، موبائل اور انٹرنیٹ کی بندش کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا، شہریوں کا تحفظ ہمارے لیے سب سے اہم تھا ایسے فیصلے دوبارہ بھی کرنے پڑے تو کریں گے۔
نتائج کی تبدیلی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ رات کے اور صبح کے نتائج میں کوئی خاص فرق نہیں آیا جو نتیجہ رات میں تھا وہی فجر کے وقت تھا، ہماری اور افواج پاکستان کی ذمہ داری سیف الیکشن کرانا تھی وہ ہم نے پوری کردی، پولنگ اسٹیشن ڈھونڈنے میں لوگوں کو تکلیف ہوئی یقیناً ہوئی مگر یہ بات بھی اہم ہے کہ کسی ماں کا لعل مارا نہیں گیا، وسوسے نہ پھیلائیں ہمارے مل کو وسوسے پھیلانے والوں سے دور ہونا پڑے گا، وسوسے پھیلانے والے لوگ ہماری قوم کو تقسیم کررہے ہیں۔