کراچی:ایم کیوایم پاکستان نے کراچی میں18قومی اسمبلی کی نشستوں پر برتری کا دعویٰ کردیا۔
کنوینر خالد مقبول صدیقی نے رات گئے پاکستان ہاؤس میں پریس کا نفرنس کرتے ہو ئے دعویٰ کیا کہ کراچی کی18قومی اسمبلی کی نشستوں پر ایم کیوایم کو سبقت حاصل ہو رہی ہے، ہم تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ اہلیان کراچی کا شکریہ اداکریں جنہوں نے تمام ظلم وجبر سہنے کے باوجود ایم کیوایم پاکستان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا۔ اب تک جو نتائج موصول ہو ئے ان کے مطابق ایم کیوایم قومی اسمبلی 18نشستوں پر آگے ہے آج شکرانہ اداکریں گے۔
خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ یہ شہر ایک بار پھر متحد ہ کا ہونے جا رہا ہے۔
اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینرسید مصطفی کمال نے کہا شکر کرنے کے ساتھ ہما رے کاندھوں پر اس تباہ حال شہر کی ذمے داری زیادہ ہے۔ کر اچی ، حیدر آباد کی تقریباً نشستیں ایم کیوایم کی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ خبریں آرہی ہیں کہ کراچی حیدر آباد اندرون سندھ سے لوگوں نے پتنگ کو کامیاب کرایا ہے۔اب مافیا راج کرنے والوں کی نیندیں حرام ہونے کا وقت آگیا ہے۔