کراچی :جماعت اسلامی کراچی الیکشن سیل کے نگراں راجہ عارف سلطان کا موبائل سروس کی بحالی کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ صاحب کے نام خط ارسال کر دیا ۔
ترجمان جماعت اسلامی کراچی کے مطابق نیٹ اور موبائل سروس کی بندش کی وجہ سے دھاندلی کے امکانات بہت بڑھ گئے ہیں۔ فوری طور پر نیٹ اور موبائل سروس بحال کروائیں ورنہ شفافیت کا مکمل جنازہ نکل جائے گا۔ الیکشن کمیشن نوٹس لے کر سروس بحال کروائے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے انٹرنیٹ سروس اور موبائل سروس مین پولنگ شروع ہونے کے تھوڑی دیر بعد بند کر دی۔ موبائل سروس بند کرنے کا عمل کسی گہری سازش کا عندیہ دے رہا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی کراچی کامزید کہنا تھا کہ 8300 والی سروس بند ہوگئی ، ہر قسم کے رابطے منقطع ہونے کی وجہ سے نہ RO, DRO اور انتظامیہ سے رابطہ ممکن ہے نہ اُمیدواران اور نہ ہی الیکشن ایجنٹس کوئی شکایات بھیج سکتے ہیں، نتیجتا ٹرن آؤٹ بہت کم ہوگا ۔
خط میں موقف اپنایا گیا ہے کہ موبائل سروس بند کرنے کی وجہ سے دھاندلی کرنا انتہائی آسان ہوگا بلکہ دھاندلی تو رات سے شروع ہے۔ابھی تک عملہ مکمل طور پر پولنگ اسٹیشنوں تک نہیں پہنچا اب تو رابطہ بھی ممکن نہیں۔
خط کے متن کے مطابق ایک بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنوں کی ایسی ہے جہاں ابھی تک پولنگ شروع نہیں ہو سکی۔ رابطے کا ذریعہ نہ ہونے کی وجہ سے پولنگ اسٹیشنوں پر قبضے ہوں گے، ٹھپے لگائے جائیں گے۔
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ انتظامیہ یا الیکشن کمیشن کے لوگوں سے کوئی رابطہ نہیں کر سکے گا یعنی مارو اور رونے بھی نہ دو والی بات ہے۔ووٹرز قطاروں میں موجود ہیں اندر عملہ نہیں ہے شام کو وہ حاضر ہو جائیں گے بیلٹ بکس پہلے سے بھرے ہوئے موجود ہوں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ منصوبہ سازوں کی سازش پر مکمل عمل درآمد ہو جائے گا، بعد ازاں الیکشن کمیشن شفافیت کی مہر ثبت کر دے گا۔ پُر امن صاف اور شفاف انتخاب کا لائسنس بھی جاری کر دے گا۔