زرداری، بلاول، نواز، شہباز، مریم کو ابتدائی نتائج میں برتری

331
stations established

کراچی: عام انتخابات کے اب تک کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کو برتری حاصل ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر  اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف، سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، لیگی رہنما مریم نواز، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور دیگر سیاست دانوں نے اپنے اپنے حلقوں سے برتری حاصل کی ہے۔

ملک بھر میں پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی گنتی تاحال جاری ہے اور نتائج بتدریج حاصل ہو رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور اہم رہنما قومی اسمبلی کی جن جن نشستوں سے کھڑے ہوئے ہیں ان میں سے نواز شریف، مریم نواز، آصف زرداری، بلاول اور دیگر کو سبقت حاصل ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے لیگی قائد نواز شریف آگے ہیں اور پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار یاسمین راشد دوسرے نمبر پر آ گئی ہیں۔ این اے 71 میں خواجہ آصف برتری لے گئے جب کہ تحریک انصاف کی حمایت یافتہ ریحانہ ڈار دوسرے نمبر پر آ گئیں۔

دوسری جانب نواب شاہ این اے 207 سے آصف زرداری ووٹ لے کر آگے ہیں جب کہ آزاد امیدوار دوسرے نمبر پر ہے۔ فیصل آباد سے این اے 100 میں ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ کو برتری حاصل ہے جب کہ آزاد امیدوار ڈاکٹر نثار جٹ دوسرے نمبر پر ہیں۔

کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-242 میں مصطفیٰ کمال کو برتری حاصل ہے، کراچی ہی سے خرم شیر زمان اور فاروق ستار مدمقابل ہیں جس میں خرم شیر زمان کو برتری حاصل ہے۔

لاہور این 118 کے سے حمزہ شہباز کو برتری حاصل ہے اور ان کے مقابلے میں عالیہ حمزہ دوسرے نمبر پر ہیں۔