سادہ اکثریت ملنے پر  وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف ہونگے، شہباز شریف

397

لاہور:مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں اگر سادہ اکثریت ملتی ہے تو ہمارے وزیراعظم کے امیدوار نواز شریف ہوں گے۔

عام انتخابات سے متعلق  نجی ٹی وی کی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کی قربانیوں سے دہشت گردی کا تقریبا خاتمہ ہوگیا تھا، لیکن 3 سال قبل بعض ایسے فیصلے ہوئے جس سے دہشت گردوں کو سر اٹھانے کا دوبارہ موقع ملا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے ہم نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا،کل عوام اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ کون سی پارٹی ملک میں حکومت بنائے گی۔ ہمیں آئی ایم ایف کے ایک اورپروگرام کی طرف جانا ہوگا،ہمیں بڑے فیصلے کرنے ہوں گے، ایسے اثاثوں کو بیچنا چاہیے جو نقصان کر رہے ہیں۔

شہباز شریف سے سوال کیا گیا کہ سادہ اکثریت ملی تو نوازشریف ورنہ آپ وزیراعظم ہوں گے؟ جس پر جواب دیتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ  انتخابات میں اگر سادہ اکثریت ملتی ہے تو ہمارے وزیراعظم کے امیدوار نوازشریف ہی ہوں گے،  البتہ اگر سادہ اکثریت نہیں ملی تو وزارت عظمی کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، ملک میں ہونے والے دھماکوں کا مقصد ہے کہ ووٹرز کو ڈرایا جائے تا کہ وہ ووٹ ڈالنے نہ آئیں۔ پارلیمانی بورڈ میٹنگ میں 3خواتین موجود تھیں،خواتین کا پہلا سینٹر ملتان میں مسلم لیگ ن نے قائم کیا، پنجاب میں ہزاروں خواتین کے لیے ووکیشن سینٹر قائم کیے۔شہباز شریف نے کہا کہ  نوازشریف کی بیماری سیریس تھی، ان  کی بیماری پر اس وقت کی حکومت نے میڈیکل بورڈ بنایا تھا۔