اسلام آباد :وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے علاقائی عدم استحکام میں بھارت کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے خطے میں اقتصادی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے۔
مشعال ملک نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں سات دہائیوں سے زیادہ عرصہ پر محیط انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کی معصوم شہریوں پر کئے جانے والے مظالم پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی آواز کو دبانے کے لیے بھارت کی طرف سے جابرانہ قوانین کے نفاذ پر تنقید کی۔
انہوں نے مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے لیے وسیع پیمانے پر عالمی عوامی حمایت کے باوجود بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کی بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی رہنماں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔