راولپنڈی:بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے انتخابات کے سلسلے میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرلیا جب کہ شیخ رشید اور شاہ محمود قریشی اس سے محرو م رہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اڈیالہ جیل میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا، جس میں سابق وزیرا عظم اور بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسی طرح پی ٹی آئی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے بھی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالا۔
اطلاعات کے مطابق اڈیالہ جیل کی جانب سے کل 145 قیدیوں نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی درخواستیں دی تھیں، تاہم جیل انتظامیہ کو طلب کے مقابلے میں صرف 15 پوسٹل بیلٹ بھجوائے گئے تھے۔سابق وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد اور سابق وزیر خارجہ و وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے پوسٹل بیلٹ فراہم نہیں کیے گئے، جس کی وجہ سے وہ حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم رہے۔
ذرائع کے حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پوسٹل بلیٹ پر پولنگ کے لیے جیل میں ایک مقام کو باقائدہ پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا تھا اور عمران خان اور پرویز الہٰی نے اپنا ووٹ اپنے سیل میں ہی کاسٹ کیا جب کہ دیگر اسیران نے پوسٹل بلیٹ پر اپنا حق رائے دہی جیل کے پولنگ اسٹیشن پر کاسٹ کیا۔کاسٹ شدہ ووٹ اسی طرح سر بمہر حالت میں ڈی آر او الیکشن کمیشن کو ارسال کردیے گئے ہیں۔