کرپٹ حکمرانوں کےاقتدار سے نجات کے لیے  ترازو پر مہر لگائیں، سراج الحق

454
accountability day

دیر:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ملک پر76برسوں سے مسلط کرپٹ حکمران طبقات اور خاندانوں کے اقتدار سے نجات کے لیے 8فروری کو ترازو پر مہر لگائیں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ 8فروری کو سچ اور جھوٹ کے درمیان مقابلہ ہوگا، ایک طرف جماعت اسلامی کی صورت میں قوم کی خدمت گار ،وطن کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ، فلسطینیوں اور کشمیریوں سمیت امت کی ترجمان، استعمار مخالف، قانون اور انصاف کی حکمرانی کی خواہاں، کرپشن کی دشمن ، اقلیتوں کی محافظ، خواتین کی حرمت وتقدس کی حفاظت کی علمبردار اور نوجوانان پاکستان کی امیدوں کا مرکزاسلامی نظریاتی جماعت ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک کو مہنگائی، کرپشن، جہالت ،  بدامنی اور تعصبات پر تقسیم کرنے والے خاندان، پارٹیاں ،ظالم جاگیردار، وڈیرے اور کرپٹ سرمایہ دار ہیں، فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ تعلیم اور صحت مند پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کے امیدواروں کا انتخاب کرو، ہم وعدہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو عظیم ریاست بنائیں گے۔ ملک میں وسائل کی بہتات ہے، چار موسم، بہتے دریا، طویل ساحل سمندر،سونا اگلتی زمینیں، معدنیات کے ذخائر اور سب سے بڑھ کر خوددار ، قابل ، بہادر 25کروڑ پاکستانی جن میں 65 فیصد نوجوان ہیں ۔

سراج الحق  نے کہا کہ دیر میں گزشتہ عرصے کے دوران کوئی ترقی نہیں ہوئی، علاقے میں انفراسٹرکچر تباہ حال، تعلیم سے محرومی، صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی ہے۔ جماعت اسلامی کامیاب ہو کر دیر کو ترقی دے گی، عوام کے مسائل حل کریں گے۔ روڈ کارواں اور الیکشن مہم کا اختتام جماعت اسلامی کی کامیابی، پاکستان میں امن اور خوشحالی کی دعا اور فلسطینیوں اور کشمیریوں کی آزادی کے لیے دعا کے ساتھ ہو۔