نئی دہلی: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں آتش بازی کے سامان کی فیکٹری میں زوردار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جس میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کی تعداد 11 ہوگئی جب کہ 80 زخمی ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت فیکٹری میں 300 سے زائد ملازمین موجود تھے اور فیکٹری میں بڑی تعداد میں پٹاخے اور آتش بازی کا سامان تیار کیا جا رہا تھا۔
دھماکا اتنا زوردار تھا کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز اٹھی تھیں۔ دھماکے کے بعد آگ کے بلند شعلے آسمان کو چھونے لگے۔ چاروں اطراف سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے۔امدادی کاموں کے لیے فوجی ہیلی کاپٹرز بھی طلب کر لیے گئے جب کہ درجنوں ایمبولینسوں کو فیکٹری میں داخل ہوتے دیکھا گیا۔
فیکٹری سے 100 سے زائد ملازمین کو اسپتال منتقل کیا گیا۔حادثے میں اب تک 11 مزدوروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ 80 زخمی ہیں جن میں سے 5 کی حالت نازک ہے۔ 10 سے زائد افراد کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے رخصت دیدی گئی۔تاحال فیکٹری میں ہونے والے دھماکے اور آتشزدگی کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔