قوم کشمیر کا سودا کرنے والوں کا حساب لے، سراج الحق

455

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے آخری سانس اور خون کے آخری قطرہ تک جدوجہد کریں گے۔

کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ برسوں سے کشمیری مائیں ، بہنیں، بیٹیاں آزادی کا علم لیے میدان میں کھڑی ہیں، وادی لہو لہان، نوجوان، حریت رہنما جیلوں میں اذیتیں برداشت کررہے ہیں۔ ایک طرف کشمیری تختہ دار پر بھی پاکستان سے محبت کا اعلان کرتے ہیں اور دوسری طرف پاکستان کے حکمران بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھانا چاہتے ہیں، راجیو گاندھی، واجپائی سے لے کر مودی تک کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ قوم کشمیر کا سودا کرنے والوں کا حساب لے،عوام فلسطینیوں کا نام تک نہ لینے والوں کو 8فروری کو مسترد کریں۔وعدہ کرتا ہوں مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے پوری جرات سے جدوجہد کریں گے، قوم جماعت اسلامی کو کامیاب کرائے، لائن آف کنٹرول کا مستقبل دیوار برلن کی طرح ہوگا۔

سراج الحق نے کہا کہ اہل فلسطین اور کشمیر پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہیں، مگر پاکستانی حکمران سوئے ہوئے ہیں، انھوں نے امریکا کے خوف سے غزہ پر ظلم پر لفظ تک نہیں کہا۔ انھوں نے کہا کہ مودی نے بابری مسجد کی جگہ مندر بنانے اور آزاد کشمیر پر بھی قبضے کا اعلان کیا تھا، انھوں نے ایک ناپاک منصوبہ مکمل کر لیا، اب دوسرے کی تکمیل چاہتے ہیں، مگر ہمارے حکمران بے حسی کی چادر تان کر سوئے ہوئے ہیں، یہ بزدل ہیں، انھوں نے پاکستانیوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کو باعزت رہائی دی، صرف جماعت اسلامی اس کی پھانسی کا مطالبہ کر رہی تھی، انھوں نے قوم کی بیٹی عافیہ کو امریکیوں کے حوالے کیا۔