عوام مسائل حل کرنا چاہتے ہیں تو شیر پر مہر لگائیں، مریم نواز

323
women's day

مری: مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکمران اللہ تعالی اور عوام کو جواب دہ ہیں، اس الیکشن میں مری والے اس حکمران سے جواب مانگیں کہ جب لوگ یہاں مر رہے تھے تو وہ کہاں تھا؟

مری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو کبھی گھر بیٹھے دیکھا؟ نواز شریف عوام کی تکلیف کی خاطر اپنے فیصلے بدل لیتے ہیں وہ آج موسم کی خرابی کے سبب بائی روڈ پہنچے، مریم نواز نے عوام سے پوچھا کہ جب نواز شریف آتے ہیں تو مزدور کے گھر کا چولہا جلتا ہے، لوگوں کو روزگار ملتا ہے، الیکشن میں چند دن رہ گئے ہیں، بزرگ نوجوانوں سے اپیل ہے کہ ووٹ کی پرچی کوئی کاغذ کا ٹکڑا نہیں اسے سوچ سمجھ کر دیں یہ ملک کی ترقی اور آپ کی آئندہ آنے والی نسلوں کا فیصلہ ہے، اگر آپ مری کے مسائل اور لوگوں کے مسائل، روزگار، تعلیم اور صحت کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں تو پھر شیر پر مہر لگائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شیر پر مہر لگاؤ اور پاکستان کو نواز دو، ہم مری کے مسائل حل کریں گے، یہاں گیس کا مسئلہ ہے اسے حل کیا جائے گا، میں وعدہ کرتی ہوں کہ اگر مری نے شیر کو منتخب کیا تو یہاں کسی بھی شہر سے زیادہ ترقی لائیں گے۔ انہوں نے یوم کشمیر کی مناسبت سے نعرہ لگایا اور کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔