اسلام آباد: نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ کشمیریوں کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔کشمیر کا تنازع سلامتی کونسل ایجنڈے پر قدیم حل طلب تنازعات میں سے ایک ہے۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا کہ کشمیر کا تنازع سلامتی کونسل ایجنڈے پر قدیم حل طلب تنازعات میں سے ایک ہے، گزشتہ 76 برسوں سے بھارت نے جموں و کشمیر پر اپنا قبضہ جاری رکھا ہوا ہے۔
جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ ہزاروں کشمیری بھارتی افواج کے ہاتھوں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال شدید تشویش کا باعث ہے، بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادی سے محروم کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ کوئی بھی ظلم کشمیریوں کے عزم کو توڑ نہیں سکتا، آج کا دن منانے کا مقصد عالمی برادری کو ذمہ داری یاد دلانا ہے، اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ 76 سال قبل کئے گئے وعدوں کا احترام کرے، عالمی برادری کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا۔