الیکشن کمیشن نے شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 5 سال کیلیے نااہل قرار دیدیا

325

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے سائفر کیس میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 5 سال  کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق الیکشن کمیشن نے سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو نااہل قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق انہیں عام انتخابات 2024ء کے لیے بھی نااہل قرار دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو جرم کا مرتکب قرار دیا۔ عدالت شاہ محمود قریشی کو 10 سال قید با مشقت کی سزا سنا چکی ہے اور  انہیں آئین کے آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت نا اہل کیا گیا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی الیکشن ایکٹ 232 کے تحت بھی نااہل قرار دیے جاتے ہیں اور ان کی نااہلی کی مدت 5 سال ہوگی۔