مسلم لیگ (ن) الزامات کی نہیں خدمت کی سیاست کرتی ہے، مریم نواز

348
women's day

فیصل آباد: مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہماری جماعت گالم گلوچ اور الزامات کی سیاست نہیں کرتی بلکہ خدمت اور کارکردگی پر یقین رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ فیصل آباد کے شیروں، شیرنیوں کو سلام پیش کرتی ہوں، میں نے دیکھا جب رانا ثنا اللہ کا نام لیا تو سارا مجمع گونج اٹھا تھا، آپ نے آج جس طرح ہمارا استقبال کیا مجھے لگا ہی نہیں کہ نواز شریف 4 سال یہاں نہیں تھے۔  

مریم نواز نے عمران خان پر تنقیدی نشتر برساتے ہوئے کہا کہ حکیم رانا ثنا اللہ نے ایسا علاج کیا ہے  اور ایسی حکمت دکھائی کہ نہ بیمار نظر آتا ہے اور نہ بیماری نظر آرہی ہے، نہ مرض نظر آتا ہے اور نہ ہی مریض نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بدتمیزی کا مقابلہ نہیں کرتی، بدتہذیبی کا جواب نہیں دیتی، مسلم لیگ (ن) گالی گلوچ نہیں کرتی، الزامات کی سیاست نہیں کرتی، کسی کو چور چور نہیں کہتی، مسلم لیگ (ن) اگر مقابلہ کرتی ہے تو خدمت میں مقابلہ کرتی ہے۔

جلسے میں نوجوانوں کی جانب سے اٹھائے گئے پلے کارڈز پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں کسی کو غدار نہیں کہنا چاہتی لیکن پلے کارڈ پر لکھا ہوا ہے کہ نواز شریف کو حکومت سے تین بار نکالا گیا ، آدھی ادھوری حکومتوں کے باوجود نواز شریف کے بیان میں کوئی ایک لائن ایسی نہیں ملتی، جس سے قومی سلامتی کو دا وپر لگایا ہو،ان کا کہنا تھا کہ جس محبت سے فیصل آباد میں استقبال کیا گیا لگا ہی نہیں کہ نواز شریف 4 سال سے یہاں نہ آیا ہو۔

رپورٹس کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ ممی ڈیڈی نہیں بلکہ اصلی پاکستانی (ن) لیگ کے ساتھ ہیں۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے بتایا کہ فیصل آباد ترقی کرتا ہے تو ملک ترقی کرتا ہے، فیصل آباد والوں نے آج اپنا فیصلہ سنادیا ہے، (ن) لیگ گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرتی نا ہی کسی کو چور کہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں رانا صاحب کی وفا کو سلام پیش کرتی ہوں، راناثنااللہ کو منشیات کے جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا، رانا ثنا نے کہا اب پہلے سے زیادہ نوازشریف کے ساتھ کھڑا ہوں۔ 

واضح رہے کہ مریم نواز نے کہا کہ فیصل آباد ترقی کرتا ہے تو پورا ملک ترقی کرتا ہے، فیصل آباد کی صنعتیں چلتی ہیں تو ملک چلتا ہے، ن لیگ اقتدار میں آئی تو معاشی حالات بہتر کرے گی۔

………..