بیرون ممالک بسنے والے کشمیری تحریک آزادی کشمیر کے حقیقی سفیر ہیں، انوارالحق

1403
Kashmiri freedom

اسلام آباد:  وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہیکہ بیرون ممالک بسنے والے کشمیری تحریک آزادی کشمیر کے حقیقی سفیر ہیں۔

چوہدری انوارالحق کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی، اس کے عوام کے حقوق اورتحریک آزادی کشمیر کو منظم کرنے کے لئے بہت جلد برطانیہ اور یورپ کا دورہ کروں گا، ریاست کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں کو منظم کرکے آزادجموں وکشمیر کی حکومت اور حریت کانفرنس بھارت کے مظالم، بھارت کی ریشہ دوانیوں اورمودی کے ہندوتوا منصوبے کو کسی صورت میں پایہ تکمیل تک پہنچنے نہیں دے گی،ریاستی عوام کے حقوق کے لئے آزاد کشمیر کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ستارہ پاکستان سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا۔

راجہ نجابت حسین نے وزیر اعظم آزادکشمیر کو برطانیہ اور یورپ کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو سفارتی محاذ پر اجاگر کرنے کے لئے تحریکی عہدیدارادیگر سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں، کونسلروں، ممبران پارلیمنٹ اور کشمیر دوست تنظیموں کے ساتھ مل کر پانچ فروری سے لے کر گیارہ فروری تک کانفرنسیں، سیمینارز اور مذاکرے منعقد کرنے کے علاوہ برطانوی پارلیمنٹ، برمنگھم، مانچسٹر، لندن، بریڈ فورڈ، راچڈل اور نیلسن میں تقریبات منعقد کریں گے تا کہ عالمی برادری کو،برطانیہ کے سیاستدانوں کو، برطانیہ کے عوامی نمائندوں کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے بارے میں آگاہی دی جا سکے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام جس تسلسل کے ساتھ اپنے وطن کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے لئے جدو جہد کر رہے ہیں اس کی تکمیل کے لئے بیرون ممالک بسنے والے کشمیری اور اندرون ملک آزاد کشمیر کی حکومت، حریت کانفرنس کی قیادت اور پاکستان کے عوام جس انداز میں سالیڈیریٹی کی تقریبات منعقد کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ان کا جہاں شکریہ ادا کیا وہیں اس عزم کابھی اظہار کیا کہ بیس کیمپ کی حکومت اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے جدو جہد کو تیز کر ے گی اور تمام لوگوں کو بلا امتیاز سیاسی وابستگی قومی نقطہ  نظر کے مطابق منظم کرے گی تا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے چنگل سے آزاد کروایا جا سکے۔